گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گورنر کے مطابق، یہ پابندیاں نہ صرف خیبرپختونخوا کی غذائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ وفاقی تعاون اور آئینی مساوات کے اصولوں کے بھی منافی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ گندم کی آزادانہ ترسیل پر پابندیوں کے باعث صوبے میں گندم اور آٹے کی قلت بڑھنے کا خدشہ ہے، جو عوام کے لیے سنگین معاشی اور سماجی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وفاقی حکومت اس معاملے پر فوری طور پر عملی اقدامات کرے تاکہ صوبوں کے درمیان غذائی اجناس کی ترسیل بحال ہو سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط، گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ








