سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے رواں مالی سال 2025-26 میں ایک ارب ڈالر کی آئل فیسلٹی فراہم کرنے اور پانچ ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے حکام کے مطابق، سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ آئل فیسلٹی تقریباً 290 ارب روپے کے مساوی ہوگی۔
اس کے علاوہ، سعودی عرب نے پاکستان کو دیے گئے 5 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس کی مدت میں بھی توسیع پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
حکام کے مطابق، ان میں سے 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس دسمبر 2025 میں جبکہ 3 ارب ڈالر کے قرض جون 2026 میں واجب الادا ہیں، تاہم سعودی حکومت ان تمام ڈیپازٹس کو رول اوور کرے گی۔
وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں 85 ارب روپے سے زائد کی آئل فیسلٹی فراہم کی جا چکی ہے، جو تقریباً 30 کروڑ ڈالر کے مساوی ہے۔
سعودی عرب اس وقت پاکستان کو ماہانہ 10 کروڑ ڈالر مالیت کی آئل فیسلٹی دے رہا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 28 ارب 37 کروڑ روپے بنتی ہے۔
حکام کے مطابق، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دیے گئے 5 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس پر 4 فیصد شرح سود مقرر ہے، اور یہ رقم بجٹ سپورٹ کی مد میں فراہم کی گئی ہے، جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1450 ارب روپے بنتی ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے اس مسلسل تعاون سے پاکستان کی مالی ضروریات پوری کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔
سعودی عرب کا پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی آئل فیسلٹی دینے اور 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور کرنے کا فیصلہ








