ممبئی: بھارتی اداکار راجیش کمار نے اپنے ساتھی اداکار ستیش شاہ کی موت کی اصل وجہ بتا دی ہے۔
معروف بھارتی اداکار ستیش شاہ 26 اکتوبر کو 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، جس پر بھارتی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ ستیش شاہ کا انتقال گردے فیل ہونے کی وجہ سے ہوا، تاہم راجیش کمار نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ موت کی اصل وجہ اچانک دل کا دورہ (ہارٹ اٹیک) تھی۔ راجیش کے مطابق ستیش شاہ اپنے گھر میں دوپہر کے کھانے کے دوران اچانک ہارٹ اٹیک کا شکار ہوئے اور انتقال کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ستیش شاہ کو گردوں کا مسئلہ ضرور تھا، لیکن وہ کنٹرول میں تھا۔
ستیش شاہ نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1970 میں کیا اور متعدد مشہور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جانے بھی دو یارو‘ سے انہیں خاص شہرت حاصل ہوئی، اور اس کے بعد انہوں نے کئی نمایاں کردار ادا کیے۔
ستیش شاہ نے بڑے نامور اداکاروں جیسے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ بھی کام کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے چھوٹی اسکرین پر بھی شاندار کام کیا اور ڈرامہ سیریل ’یہ جو ہے زندگی‘ میں 55 اقساط میں 55 مختلف کردار ادا کیے، جس سے وہ ٹی وی کے مداحوں کے بھی دلوں میں گھر کر گئے۔
ستیش شاہ کی وفات نے بھارتی شوبز انڈسٹری میں ایک خلا پیدا کر دیا ہے، اور ان کے مداح ان کی یاد میں گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔









