پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے سمری تیار کرلی ہے، جو 31 اکتوبر کو وزیرِ خزانہ کو بھیجی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی حتمی منظوری کے بعد وزیرِ خزانہ نئی قیمتیں یکم نومبر سے 15 نومبر تک نافذ کرنے کا اعلان کریں گے۔
فی الحال ملک میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 263.02 روپے ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 275.42 روپے میں دستیاب ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 159.76 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کا تیل (کیرواسین) 176.81 روپے فی لیٹر ہے۔
متوقع نئی قیمتیں:
رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 2.35 روپے کا اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 265.37 روپے فی لیٹر متوقع ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے، اور یہ 277.92 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
عالمی منڈی میں بدھ کو تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے دن کمی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ 64.33 ڈالر فی بیرل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 60.08 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا، جس میں ہر ایک میں 7 سینٹ کمی دیکھی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق روس پر پابندیوں اور OPEC+ کی ممکنہ پیداوار میں اضافے کی خبریں عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کو بڑھا رہی ہیں، جس کا اثر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔
پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ، عوام کے لیے بڑی خبر








