شہر قائد میں ای چالان کے دوسرے دن ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مزید 4 ہزار 301 شہریوں کے چالان کیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، ای چالان کے دوسرے دن کی مکمل 24 گھنٹے مانیٹرنگ رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں مختلف خلاف ورزیوں کی تفصیل شامل ہے۔
سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر ہوئے، جن کی تعداد 2 ہزار 290 رہی۔ تیز رفتاری پر 845، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 655، لال سگنل عبور کرنے پر 306، اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 162 شہریوں کو چالان کیا گیا۔
غیر قانونی پارکنگ کے 15، ون وے اسٹریٹ میں غلط سمت آنے پر 16، اور اوور لوڈنگ پر 4 چالان ہوئے۔ شہری اکثر سگنل پر اسٹاپ لائن عبور کرتے ہیں، جس پر 6، رانگ وے آنے پر 33، اور کالے شیشوں کی خلاف ورزی پر 30 چالان کیے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس کو اپڈیٹ رکھیں، اور اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی رعایت کی گنجائش نہیں دی جائے گی۔ تمام گاڑیوں کی اسپیڈ لمٹ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، اور اوور اسپیڈ کرنے پر فوری چالان جاری کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق، ای چالاننگ سسٹم کا مقصد محض جرمانہ لگانا نہیں بلکہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور حادثات میں کمی آئے۔
کراچی میں ای چالان کا دوسرا دن: 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 301 شہری نشانے پر








