اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے مسافروں سے 50 ہزار فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سخت نوٹس لے لیا۔وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حکمنامہ فوری معطل کرنے کا حکم دےدیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے فیصلے کی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔وزیراعظم نے حکم دیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ‘ایف ای ڈی کی وصولی کیسے اور کیوں ہوئی، تحقیقات کی جائیں۔وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو حکم دیا کہ فی الفور تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے،جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا، انہیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں،جن مسافروں سے ایف ای ڈی وصول کی گئی ہے، انہیں رقوم واپس کی جائیں۔وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم کامسافروں سے 50 ہزار فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سخت نوٹس








