بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صائمہ قریشی نے طلاق کے تلخ تجربے پر خاموشی توڑ دی

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صائمہ قریشی نے حال ہی میں اپنے ازدواجی سفر کے بارے میں دل کی بات کی اور طلاق کے تلخ تجربے کا کھل کر ذکر کیا۔
صائمہ قریشی جو کئی سالوں سے پاکستانی ڈراموں کا حصہ رہی ہیں، خاص طور پر منفی کرداروں کی وجہ سے شہرت کی حامل ہیں، نے کہا کہ ان کی ازدواجی زندگی کبھی بھی آسان نہیں رہی۔ مشہور اداکار فیصل قریشی کی کزن ہونے کے ساتھ ساتھ، صائمہ قریشی نے “عشق بے پرواہ”، “نند”، “بندھے ایک ڈور سے”، “نکاح” اور “دنیا پور” جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کے دوران، صائمہ نے اپنی ذاتی زندگی اور طلاق کے بارے میں پہلی مرتبہ بات کی۔ اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا خاندان خوشحال اور کامیاب ہو، لیکن بعض اوقات حالات انسان کی خواہشات کے برعکس بدل جاتے ہیں۔ صائمہ نے مزید کہا کہ خواتین اکثر یہ امید رکھتی ہیں کہ ان کے شوہر بدل جائیں گے، مگر بعض رویے ایسے ہوتے ہیں جو ہمیشہ ایک جیسے رہتے ہیں، اور ان کے رشتہ میں بھی ایسا ہی ہوا۔
صائمہ قریشی نے یہ بھی بتایا کہ طلاق ان کے لیے زندگی کا پہلا بڑا صدمہ نہیں تھا۔ ان کے لیے سب سے بڑا دکھ بچپن میں والد کا انتقال تھا، جو آج تک ان کے دل پر ایک گہرا اثر چھوڑے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ صائمہ قریشی تین بیٹوں کی والدہ ہیں، اور ان کے بڑے بیٹے نے حال ہی میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔