بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہنزہ میں فرانسیسی پیرا گلائیڈر لاپتا

ہنزہ (نیوزڈیسک)گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے انتظامی مرکز علی آباد کے بالائی علاقے سے فرانسیسی پیرا گلائیڈر زیویئر ایلین گزشتہ روز اڑان بھرنے کے بعد لاپتا ہو گیا۔

نجی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ظہور احمد نے بتایا کہ فرانسیسی پیرا گلائیڈر نے 2 ہسپانوی پیرا گلائیڈرز کے ساتھ اڑان بھری تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ہسپانوی پیرا گلائیڈرز ہنزہ کے علاقے گنیش میں اترے تاہم فرانسیسی پیرا گلائیڈر لاپتا ہوگیا جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس علاقے میں ہسپانوی پیرا گلائیڈر اترا وہ خطرناک ہے اور ریسکیو اہلکاروں کو لاپتا پیرا گلائیڈر کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہنزہ نے ایک بیان میں کہا کہ لاپتا پیرا گلائیڈر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں میں ریسکیو 1122 کے اہلکار، پولیس اور مقامی رضاکار شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں ہسپانوی پیرا گلائیڈرز بھی اپنے لاپتا ساتھی سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے تھے اور انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا۔

2 غیرملکی کوہ پیماؤں نے نانگا پربت سر کرلی

دریں اثنا نیپال سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیماؤں نے نانگا پربت اور 2 فرانسیسی کوہ پیماؤں نے دیران چوٹی سر کر لی ہے۔

سمٹ قراقرم کے منیجنگ ڈائریکٹر سخاوت حسین نے بتایا کہ جاپان سے تعلق رکھنے والے ناوکو وتنابے اور نیپال کے سانو شرپا نے ہفتے کی صبح 5 بجکر 14 منٹ پر 8 ہزار 126 میٹر بلند دنیا کے نویں بلند ترین پہاڑ نانگا پربت کو سر کیا۔

گزشتہ 10 برسوں میں اس پہاڑ کو صرف 29 بار سر کیا جا سکا ہے، تاہم رواں سال تقریباً 100 غیرملکی کوہ پیما اس چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کریں گے۔

گزشتہ 2 روز میں 9 کوہ پیماؤں نے کامیابی کے ساتھ اس چوٹی کو سر کیا، مہم کی ٹیم کے مزید ارکان چوٹی سر کرنے کے لیے مہم کے آغاز کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ اطلاعات کے مطابق پہاڑ پر موسم کی صورتحال 6 مئی تک صاف رہنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا 2 فرانسیسی اسکائیرز اور کوہ پیما میتھیو مینادیر اور لیو سلیمیٹ نے نگر میں واقع 7 ہزار 266 میٹر بلند دیران چوٹی کو سر کیا اور بیس کیمپ واپس آ گئے۔