اسلام آباد(نیوزڈیسک)پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس 5جولائی کو طلب کر لیا گیا۔کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں مجموعی قومی سلامتی کی صورت حال سمیت اہم امور زیرغور آئیں گے۔ اجلاس میں عسکری حکام قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دیں گے۔
کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، دونوں ایوانوں کی سینئر پارلیمانی قیادت، وفاقی وزرا، سینئر سیاسی قیادت، صوبائی وزرا اعلیٰ ، آزاد جموں و کشمیر کے صدر و وزیر اعظم اور وزیر اعلی گلگت بلتستان بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ کمیٹی اجلاس میں سینئر ممبران قومی اسمبلی و سینٹ، قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیاں برائے دفاع کے ممبران، وزارت دفاع، خارجہ، داخلہ، امور کشمیر، صحت، قومی سلامتی ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز شرکت کریں گے۔ اسی طرح کمیٹی اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بھی شرکت کریں گے۔









