بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان نے ڈونلڈ لو اور امریکی حکومت سے معافی مانگ لی، خواجہ آصف کا دعویٰ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیردفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں امریکہ کے خلاف نعر ے لگانے والا امریکہ کے پیر پکڑ رہا ہے،ڈونلڈ لو سے پی ٹی آئی نے معافی مانگ لی، لو سے پی ٹی آئی کی معافی سے متعلق ہم نے تمام ریکارڈ حاصل کرلیا۔ ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آ ئی رہنما کی ملاقات اور امریکی حکومت سے معافی کی تفصیلات ،شواہد ہمارے پاس آچکے ہیں ،انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ہوانکل چکی ہے ،ڈونلڈلو کے منت ترلے کررہے ہیں، عمران خان نےامریکہ کو پیغام بھیجا کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے، سلسلہ وہیں سے شروع کیاجائے جہاں سے ٹوٹا تھا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے امریکی سفیر کو یہ بھی پیغام بھیجا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان جب تک اقتدارمیں تھے تب ان کو ہرچیز اچھی لگتی تھی ، لیکن اب جب ان سے اقتدار چھن گیا ہے تو وہ اداروں پر حملے کررہے ہیں،انہیں اداروں پرالزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے اتحادی کافی مہینوں سے ہمارے ساتھ رابطے میں تھے ، عمران خان کو ضمنی انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے لوگ اب امریکہ سے معافی تلافی کررہے ہیں ، پی ٹی آئی کے ڈونلڈلو کے ساتھ رابطوں کی تصدیق بھی ہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ اگرآرٹیکل چھ کے لوازمات پورے ہوتے ہیں تو عمران خان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ایک سوال پر خواجہ آصف نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی آڈیو جعلی ہے تو پی ٹی آئی اس کا فرانزک کروا یا جا سکتا ہے، پی ٹی آئی عدالت میں درخواست دے ہم اس آڈیوکا تھرڈڈ پارٹی سے فرانزک کروالیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے وزیردفاع مفتاح اسماعیل پر عدم اعتماد نہیں کیا،وہ کابینہ کی منظوری سے فیصلے کررہے ہیں،یہ مفتاح کے فیصلے نہیں بلکہ حکومت کے فیصلے ہیں اور ہم ان کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہاکہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کبھی بھی واپس آسکتے ہیں،یہ ان کا اپناملک ہے ہم انہیں خوش آمدیدکہیں گے۔