اسلام آباد(ممتاز نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے جگلوٹ سکردو روڈ(جے ایس آر) کے بلاک ہونے کا نوٹس لے لیا ۔وزیراعظم نے لینڈسلائیڈنگ سے تورمک کے مقام پر بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کوہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نےڈی جی ایف ڈبلیو او کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کریں ، راستہ جلد کھولا جائے۔وزیراعظم نے ملکی وغیرملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری انتظامات کی بھی ہدایت کردی۔ یاد رہے کہ شدید بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 6 دن شاہراہ بند تھی ۔جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کو تیل اور کھانے پینے کی اشیاءکی فراہمی اور آمدورفت کا واحد زمینی راستہ ہے ۔مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح مختلف پروازوں کے ذریعے گلگت بلتستان آرہے ہیں ۔شہبا ز شریف نے کہا کہ سیاحوں کی آمد سے گلگت بلتستان میں اشیائے ضروریہ کے استعمال میں اضافہ ہوجاتا ہے لہذااشیاءکی قلت نہ ہونے دی جائے۔یا درہے کہ گلگت بلتستان کے ہوٹلز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے وزیراعظم سے شاہراہ کی طویل بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔وزیراعظم نے علاقے کے کاروباری حضرات ، آبادی اور سیاحوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ وزیراعظم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالالضحیٰ کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی لوٹنا ہے، اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا جگلوٹ سکردو روڈ کے بلاک ہو نے کا نوٹس، بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت








