چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کی سرپرستی میں مملکت نے عالمی کھیلوں کے منظرنامے میں ایک نئی اور شاندار تاریخ رقم کی ہے۔ بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کرنا سعودی عرب کے وژن اور کھیلوں سے وابستہ سنجیدہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔
ریاض میں سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان اسپورٹس تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے میں غیر معمولی ترقی لانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کو ای ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 جیسے بڑے ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے پر خصوصی مبارکباد بھی دی۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق، پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس، اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کرکٹ سمیت کھیلوں کو دوستی، تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنائیں گے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے اسپورٹس اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید تیز کیا جائے گا، اور عملی منصوبہ بندی کے ذریعے جلد مشترکہ اقدامات کو شکل دی جائے گی تاکہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
سعودی عرب نے عالمی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے، محسن نقوی








