بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایکس پر وی پی این استعمال کرنے کی معلومات اب سب کو نظر آئیں گی

اگر آپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کو وی پی این کے ذریعے استعمال کرتے ہیں تو اب یہ بات دوسرے صارفین کو بھی پتا چل سکے گی۔
ایکس کے پروڈکٹ ہیڈ نکیتا بئیر نے کچھ عرصہ قبل بتایا تھا کہ پلیٹ فارم صارفین کے بارے میں مزید تفصیلات ظاہر کرے گا، جن میں ان کا ملک اور یہ بھی شامل ہوگا کہ وہ وی پی این استعمال کر رہے ہیں یا نہیں۔ اس نئے فیچر کا مقصد جعلی اکاؤنٹس اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
اب وی پی این استعمال کرنے والے صارفین کی پروفائل پر ایک وارننگ دکھائی دے گی، جس میں بتایا جائے گا کہ اکاؤنٹ پر ظاہر کیا گیا ملک یا خطہ ممکنہ طور پر درست نہیں۔ یہ فیچر 21 نومبر سے متعارف ہونا شروع ہوا تھا اور اب دنیا بھر میں فعال کر دیا گیا ہے۔
نکیتا بئیر کے مطابق صارفین ایک پرائیویسی آپشن بھی استعمال کر سکیں گے جس کے تحت صرف ان کا علاقہ (ریجن) ظاہر ہوگا۔ البتہ یہ سہولت خاص طور پر ان ممالک کے صارفین کے لیے ہے جہاں ایکس تک رسائی محدود ہے یا اظہارِ رائے پر سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ ایکس کس قسم کا ڈیٹا استعمال کرکے صارف کا اصل مقام یا وی پی این کا استعمال شناخت کرتا ہے، مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ معلومات 99.99 فیصد درست ہوتی ہیں۔
تاہم ایکس نے واضح کیا ہے کہ وی پی این استعمال کرنے پر کوئی پابندی نہیں، صرف اس کی نشاندہی کی جائے گی۔