کراچی(نیوزڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوسابق وفاقی وزیر بابر غوری کو طویل خود ساختہ جلاوطنی ترک کرنے کے بعد واپس کراچی پہنچتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔ بابرغور ی پیرکی شب کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں سے انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق بابر غوری کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بابرغوری مارچ 2015سے امریکا کے شہر ہیوسٹن میں مقیم تھے اور وہ قانون نافذکرنے والے اداروں کو مختلف مقدما ت میں مطلوب ہیں۔
بابر غوری کی چند روز قبل مقامی عدالت نے ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد فورسز نے ان کیخلاف نئے مقدمات قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔بابر غوری پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات بھی ہیں اور احتساب عدالت میں ریفرنس زیرسماعت ہے۔
بابر غوری نے ضمانت قبل از گرفتاری ملنے کے بعد پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فورسز کی جانب سے نئے مقدمات قائم کرنے کے اعلان کے بعد ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واپسی کا فیصلہ مؤخر نہیں کیا۔









