بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سابق صدر آصف علی زرداری کا 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر پیغام

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے 5جولائی یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاسی کارکنوں ، طالب علموں، مزدوروں اور صحافیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1973ءکے آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے شہادتیں قبول کیں، کوڑے کھائے، جبر اور تشدد برداشت کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا۔ جب بھی آئین اور جمہوریت پر حملہ ہوا ہے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع کیا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک اور عوام کے لئے مشکلات بھی برداشت کی ہیں اور مشکل فیصلے بھی کئے ہیں۔ملک اور عوام آج ایک بار پھر مشکلات سے نکل کر درست سمت کی طرف گامزن ہے۔ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہو کر اتفاق رائے سے فیصلے کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔جمہوریت ہمیں کبھی بھی تحفے میں نہیں ملی۔جمہوریت کی خاطر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے تختہ دار بھی قبول کیا ہے۔جیالوں نے بارودی سرنگوں کو بھی عبور کیا ہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جمہوریت کو فتحیاب کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی حوصلہ افزا امر ہے کہ پوری قوم 1973ءکے آئین پر یقین رکھتی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کر رہے ہیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے افکار کے مطابق جمہوریت کو مضبوط کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔