لودھراں کے علاقے دھنوٹ میں ایک 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرنے کے بعد ہلاک ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بچہ، ریحان، والد کے ساتھ ناشتہ لینے آیا تھا اور والد کے پیچھے چلتے ہوئے اچانک مین ہول میں گر گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد ریحان کی لاش نکالی۔
واقعے کے بعد پولیس نے زیرتعمیر سڑک کے ٹھیکیدار اور سب انجینئر کے خلاف مقدمہ درج کر دیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی معصوم جان کو سرکاری افسر کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔









