وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں دو دہائیوں بعد ہونے والے نیشنل گیمز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ ایونٹ حکومت سندھ کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن کی عملی عکاسی ہے۔
35 ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں کی خوبصورتی اس ایونٹ میں جھلک رہی ہے، اور یہ موقع نہ صرف حکومت سندھ بلکہ پورے صوبے کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی اس مقام تک پہنچنے کی محنت قابل ستائش ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کراچی میں 24 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں تقریباً 10 ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اور امید ہے کہ وہ اپنے صوبے اور محکمے کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے بھرپور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں گے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز ملک کے تمام صوبوں کے اتحاد کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہ ایونٹ نوجوانوں میں ہم آہنگی اور حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سندھ نوجوانوں کو خودمختار اور بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی بھی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے محبت اور اعتماد کا واضح پیغام ہے۔









