بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پشاور ہائی کورٹ: وکلا کی ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ غیر قانونی قرار

پشاور ہائی کورٹ نے بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے وکلا کو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے اور عدالتوں میں پیش ہونے سے روکنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
جسٹس سید ارشد علی کی سربراہی میں جاری 43 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ وکلا کی ہڑتال آئین کے آرٹیکل 4، 8 اور 10A کے تحت شہریوں کو دیے گئے فئیر ٹرائل کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ وکلا کی ہڑتال کی وجہ سے ہزاروں زیر سماعت مقدمات التوا کا شکار ہو جاتے ہیں، عدالتی نظام پر دباؤ بڑھتا ہے اور سرکاری خزانے پر بھی مالی بوجھ پڑتا ہے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ صرف خیبر پختونخوا میں وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالتوں کے روزمرہ اخراجات پر تقریباً 57 ملین روپے ضائع ہو رہے ہیں۔ عدالت نے وکلا کو ہدایت دی کہ احتجاج کے لیے مہذب اور پر امن طریقے اختیار کیے جائیں، جیسے بازو پر کالی پٹی باندھنا، بینرز آویزاں کرنا یا پرامن اجلاس منعقد کرنا، نہ کہ مقدمات کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا۔
پشاور ہائی کورٹ نے مزید کہا کہ ایڈیشنل رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ ان گائیڈ لائنز کو صوبے بھر کی عدالتوں تک پہنچائیں تاکہ وکلا کی ہڑتال اور بائیکاٹ کے معاملے میں یکساں طریقہ کار اختیار کیا جا سکے۔