بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ یہ دہشت گرد فتنۃ الہندوستان گروپ سے تعلق رکھتے تھے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ڈیرہ بگٹی اور آس پاس کے علاقوں میں موجود کسی بھی ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ‘عزم استحکام’ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔









