بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے، پاکستانیوں کی حوالگی پر بات چیت متوقع

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ چند پاکستانی شہریوں کی حوالگی کے معاملے پر برطانوی وزارت خارجہ کے حکام سے بات چیت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ تین دن برطانیہ میں قیام کریں گے اور اسی دوران وہ چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی لانچ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی برطانوی فارن آفس کے حکام سے ملاقات میں پاکستانی شہریوں کی حوالگی سے متعلق شواہد پیش کریں گے۔ پاکستانی حکام پہلے ہی اس سلسلے میں ضروری دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کو فراہم کر چکے ہیں، تاہم برطانوی فارن آفس کے مطابق یہ ڈوزیئر ابھی تک برطانیہ نہیں پہنچا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور غیر قانونی طور پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس دوران وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات برطانوی ہائی کمشنر کے سپرد کیے اور زور دیا کہ دونوں افراد فوری طور پر پاکستان کے سپرد کیے جائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں آزادی اظہار کا حق یقینی بنایا گیا ہے، لیکن فیک نیوز اور پروپیگنڈا کے خلاف ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔