بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سی پیک فیز ٹو سے انفراسٹرکچر اور بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دوحہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کے بعد مالیاتی و توانائی کے شعبوں میں اصلاحات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی برآمدات میں بہتری کے باعث آئی ٹی سروسز کے شعبے کو فروغ ملا ہے اور رواں مالی سال 4 ارب ڈالر کی آئی ٹی سروسز برآمدات متوقع ہیں۔
محمد اورنگزیب نے خلیجی ممالک سے سالانہ 18 سے 20 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی توقع ظاہر کی اور کہا کہ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ملک کی معاشی ترقی میں 0.5 فیصد کمی آئی۔ انہوں نے قطر کے ساتھ ایل این جی، زرعی اور ٹیکسٹائل شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے اور موسمیاتی سرمایہ کاری پر زور دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں تجارتی بہاؤ اور ٹیکنالوجی کے نئے مواقع موجود ہیں اور مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں قطر کے ساتھ شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کے 1.3 ارب ڈالر کے آر ای ایس ایف پروگرام کا مقصد موسمیاتی خطرات سے نمٹنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک فیز ٹو سے انفراسٹرکچر کے شعبے کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا، نوجوان فری لانسرز بلاک چین، مصنوعی ذہانت اور دیگر ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے اپنی آمدنی بڑھا سکتے ہیں، اور قطر کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ توانائی اور جدید ٹیکنالوجیز میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔