بلوچستان کے قلات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی بھارتی پراکسی “فِتنۃ الہندوستان” کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ ہلاک شدگان علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ فورسز علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ قومی قیادت نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف عوام اور سیکیورٹی ادارے متحد ہیں اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یہ آپریشن ملک میں سیکیورٹی اور استحکام کے عزم کی ایک اور مضبوط مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔









