استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تینوں مسلح افواج کی کمان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سپرد ہونا ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ورکرز کنونشن فیصل آباد سے خطاب میں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں پاکستان کے محافظ ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا سپہ سالار دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور ان کی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ “10 مئی کی فتح کے بعد دنیا کا رویہ پاکستان کے ساتھ تبدیل ہوا اور آج صدر ٹرمپ بھی ہمارے سپہ سالار کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔”
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں، ہم ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے لوگ انہیں ووٹ دیں یا نہیں، مگر کسی ایسے شخص کا ساتھ نہیں دینا چاہیے جو ملک کا خیرخواہ نہ ہو۔ ان کے مطابق “ہر چیز بعد میں ہے، سب سے پہلے پاکستان ہے۔ سپہ سالار کسی حکومت کے نہیں بلکہ ملک کے محافظ ہیں۔”
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ 10 مئی سے پہلے دنیا پاکستان کو کمزور سمجھتی تھی، مگر جنگ کے بعد ملک کی طاقت کا اندازہ سب کو ہوگیا۔ انہوں نے زور دیا کہ آج قوم کا پرسکون زندگی گزارنا پاک فوج کی بدولت ہے، اس لیے جو بھی ریاست یا فوج کے خلاف زبان استعمال کرے، قوم کو اس کا بھرپور جواب دینا چاہیے۔









