اسلام آباد (طارق محمود سمیر)پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں علاقائی بحری سلامتی کی نگرانی کے دوران ایک اہم اینٹی نارکوٹکس آپریشن کامیابی سے مکمل کیا، جس کے نتیجے میں 1500 کلوگرام چرس تحویل میں لے لی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مقدار کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 30 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔
پاک نیوی کے جہاز پی این ایس یمامہ نے کارروائی کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا۔ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ ہمہ وقت تیار اور فعال ہے اور علاقائی پانیوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کے سدِباب کے لیے مسلسل نگرانی اور سیکیورٹی آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاک نیوی نہ صرف قومی میری ٹائم سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے بحری خطے میں امن و استحکام کے قیام میں بھی فعال ہے۔ یہ کامیاب کارروائی ایک بار پھر واضح کرتی ہے کہ پاک بحریہ منشیات کی ترسیل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے اور سمندری حدود کو محفوظ بنانے کے لیے ہر لمحہ چوکس رہتی ہے۔









