چینی سائنسدانوں نے غذائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایسا متبادل گوشت تیار کر لیا ہے جو غذائیت، ذائقے اور ساخت میں چکن سے مشابہت رکھتا ہے۔ یہ نیا پروٹین روایتی چکن کے مقابلے میں سستا اور ماحول دوست متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق محققین نے فرمینٹیشن اور فائبر اسٹرکچرنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس متبادل گوشت کو تیار کیا ہے۔ یہ پروٹین پودوں سے حاصل شدہ غذائی اجزا اور فنگس پر مبنی مواد سے بنایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی تجربات میں یہ متبادل گوشت چکن کی طرح پکایا جا سکتا ہے اور اس کی بناوٹ ایسی ہے کہ اسے چکن کی طرح ریشے ریشے بھی کیا جا سکتا ہے، جس سے ذائقے اور استعمال میں فرق محسوس نہیں ہوتا۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد بڑے پیمانے پر پولٹری فارمنگ پر انحصار کم کرنا اور عوام کو چکن کا ایک سستا، صحت بخش اور پائیدار متبادل فراہم کرنا ہے۔ چینی فوڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق یہ ایجاد طویل المدتی غذائی تحفظ سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محققین کا کہنا ہے کہ یہ متبادل گوشت جلد ہی منتخب مارکیٹس میں متعارف کروایا جائے گا، جس کے بعد اسے ریسٹورنٹس، پیکڈ فوڈ مصنوعات اور گھریلو استعمال کے لیے بھی دستیاب کیا جا سکے گا۔









