معروف اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے اپنی اہلیہ، میزبان ندا یاسر کے دفاع میں سامنے آ کر سوشل میڈیا پر ایک متنازع معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
یہ تنازع ندا یاسر کے ایک بیان سے شروع ہوا، جس میں انہوں نے فوڈ رائیڈرز کے بارے میں کہا تھا کہ بعض اوقات وہ صرف ٹپس لینے کے بہانے چینج نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہیں اور بڑی رقم وصول کر لیتے ہیں۔ اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی، اور کئی فنکار بھی اس میں شامل ہو گئے۔
اداکارہ اور میزبان فضا علی نے اپنی ویڈیو میں ندا یاسر کے بیان پر کڑی تنقید کی۔ فضا علی نے کہا کہ فوڈ رائیڈر دھوپ، بارش اور طوفان میں اپنی روزی کمانے نکلتے ہیں، اور یہ بھی کسی کے باپ، بھائی یا بیٹے ہوتے ہیں۔ اُن کے مطابق اگر ٹپس نہ دیں تو کم از کم ان کی عزت تو کرنی چاہیے۔ اس ویڈیو نے صارفین میں کافی ہلچل مچا دی اور بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔
اس کشیدہ ماحول میں یاسر نواز خاموش نہیں رہ سکے اور انہوں نے فضا علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:”ہیلو فضا، کیسی ہو؟ پلیز میری معصوم بیوی کو معاف کر دو۔ اللہ تو معاف کر دیتا ہے، لیکن لوگ نہیں کرتے۔ میری بہن، پلیز اسے معاف کر دو اور اس معاملے کو یہیں ختم کرو۔”
سوشل میڈیا صارفین نے یاسر نواز کے موقف کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ اپنی بیوی کے دفاع میں کھڑا ہونا بہادرانہ عمل ہے۔ کئی لوگوں نے لکھا کہ معاملہ اب ختم ہونا چاہیے، خصوصاً جب ندا نے بھی اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔
تاہم، کچھ صارفین اب بھی ندا یاسر سے ناراض ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ معروف اور سینیئر میزبان ہونے کے باوجود ندا اب تک نہیں سیکھ پائیں کہ کب، کہاں اور کیسے اپنی بات رکھنی چاہیے۔
فضا علی کی ندا یاسر پر تنقید؛ یاسر نواز میدان میں آ گئے، ویڈیو وائرل








