نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے لسانی بنیادوں پر مبینہ امتیازی نوٹس سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو گمراہ کن اور بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مخصوص سیاسی عناصر کی جانب سے ایک بار پھر جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعلقہ ٹویٹ کو نادرا جعلی خبر کے طور پر مکمل طور پر رد کرتا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں نادرا کے کسی بھی دفتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس آویزاں نہیں کیا گیا۔ نادرا اپنے قومی مینڈیٹ کے تحت تمام شہریوں کو بلا امتیاز خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس میں کسی قسم کی تفریق کی کوئی گنجائش نہیں۔
نادرا کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اس خبر کے ذریعے جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کیا گیا تاکہ ملک میں بے چینی اور انتشار پیدا کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ بعض عناصر جھوٹ اور من گھڑت اطلاعات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور مستند معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کریں۔









