بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سوریا کمار یادو کی فارم میں کمی کیوں آئی؟ سابق بھارتی کرکٹر کا تجزیہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز سوریا کمار یادو کی حالیہ ناقص کارکردگی پر سابق بھارتی کرکٹر اور بیٹنگ کوچ سنجے بانگر نے اہم نکات سامنے رکھ دیے ہیں۔ ان کے مطابق سوریا کمار کی فارم میں گراوٹ کی بڑی وجہ بھارتی ٹیم کا لچکدار بیٹنگ آرڈر ہے، جس نے بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے کردار کو متاثر کیا ہے۔
ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے بانگر نے کہا کہ یہ سب ٹیم مینجمنٹ کی سوچ کا نتیجہ ہے، جہاں بیٹنگ آرڈر میں نمبر تین، سات اور آٹھ کو کھلا رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے لیے سوریا کمار یادو کو ایک واضح اور مستقل پوزیشن ملتی ہے، جہاں وہ زیادہ تر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں۔
بانگر کے مطابق سوریا کمار یادو جیسے معیاری کھلاڑی کو جتنی زیادہ گیندیں ملیں، وہ اتنا ہی بہتر انداز میں میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سوریا ابتدا میں نمبر تین پر بیٹنگ کرتے تھے تو وہ کہیں زیادہ مؤثر نظر آتے تھے، کیونکہ انہیں پیچھے وکٹیں گرنے کا دباؤ نہیں ہوتا تھا۔
اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے سنجے بانگر نے بتایا کہ آئی پی ایل میں سوریا کمار نے 16 اننگز میں 65 کی شاندار اوسط اور 168 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کیے، جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں مختلف نمبروں پر بیٹنگ کے باعث ان کی کارکردگی متاثر ہوئی، جہاں ان کی اوسط صرف 14 اور اسٹرائیک ریٹ 126 رہ گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوریا کمار یادو گزشتہ برس نومبر کے بعد سے کسی بھی فارمیٹ میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں، جس نے ان کی فارم پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔