اسلام آباد(نیوزڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں سابق چیئرمین نیب اور لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) جاوید اقبال پر چیئرپرسن ڈیفنس فار ہیومن رائٹس آمنہ مسعود جنجوعہ کے الزامات کی بازگشت ،کمیٹی نے جسٹس(ر) جاوید اقبال کو کل(جمعرات کو) طلب کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پی اے سی کے اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے سابق چیئرمین نیب کے بارے میں بات کی ہے، جاوید اقبال نے خاتون کو کہا کہ آپ اتنی خوبصورت ہیں شوہر کی کیا ضرورت ہے۔نورعالم نے کہاکہ ہم سب کی بیٹیاں ہیں، اس معاملے کو بہت سیریس لینا چاہیے۔ کمیٹی کے ارکان نے سابق چیئرمین نیب پر عائد الزام کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جس کے بعد کل سابق چیئرمین نیب کو طلب کرلیا گیا۔نورعالم نے کہاکہ کسی کو اپنے اختیارات سے تجاوزنہیں کرنا چاہیے ، اس سے پہلے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال اور طیبہ گل کے مبینہ ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے بھی چیئرمین پی اے سی نے جاوید اقبال اور طیبہ گل کوپی اے سی میں بلانے کا امکان ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔کمیٹی چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ نیب نے بریف کیوں نہیں بھیجا کل میٹنگ ہے، سابق چیئرمین نیب کہہ رہے ہیں کہ وہ عید منانے کیلئے جارہے ہیں، ان کو کہا ہے کل کی میٹنگ میں حاضر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہاتھا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے سیاسی ارادہ نظر آنا ضروری ہے، سیاسی ارادہ نہیں ہوا تو اس کا مطلب حکومت لاپتہ افراد کے معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن کسی کام کا نہیں ہے، اپنے شوہر اور باقی لاپتہ افراد کے خاندانوں کیلئے لاپتہ افراد کمیشن کے سامنے پیش ہوتی رہی ہوں، ایک خوبصورت پٹھان عورت میرے آفس میں آکر روئی کہ میں آئندہ کبھی کمیشن میں نہیں جاؤں گی کیونکہ جسٹس جاوید اقبال نے مجھے کہا ہے کہ تم بہت خوبصورت ہو تمہیں شوہر کی کیا ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ 2010ء میں کمیشن قائم ہوا تو صرف 138افراد لاپتہ تھے اب لاپتہ افراد کی تعداد 8ہزار 690پہنچ چکی ہے۔
’’آپ اتنی خوبصورت،شوہرکی کیاضرورت‘‘ پی اے سی میں جاوید اقبال پرالزامات کی بازگشت، کل طلب








