پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں اور کسی دباؤ کے تحت پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان نے واضح کیا ہے کہ وہ عوام کی آزادی اور بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ وکلا کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقدمات میں ایسا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت اہلِ خانہ کو عدالت تک رسائی نہیں دی جا رہی اور سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو منصفانہ اور اوپن ٹرائل کے حقوق نہیں مل رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منگل اور جمعرات کو ہونے والی ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں، جبکہ حکومتی ترجمان کی جانب سے ملاقاتوں کی اجازت کے دعوے درست نہیں۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ عدالتوں میں ان کے مقدمات نہیں سنے جا رہے اور انصاف کے دروازے بند ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے آئینی حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تمام اسیران، خصوصاً خواتین قیدیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قید پر بھی تحفظات رکھتے ہیں، جنہیں ان کے بقول بلاجواز نشانہ بنایا گیا۔
سلمان اکرم راجا نے مزید بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی اپنے وکیل سلمان صفدر سے مختصر ملاقات ہوئی، تاہم فیصلے کے وقت نہ عمران خان کو پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کے وکلا موجود تھے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کارکنان کو آئندہ کے لائحہ عمل کی تیاری کی ہدایت کر چکے ہیں۔
عوام کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گا، بانی پی ٹی آئی







