اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے سیاسی کشیدگی کم کرنے اور ملک کو درپیش بحران سے نکالنے کے لیے مکالمے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایک دوسرے کو معاف کر کے آگے بڑھا جائے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کی دو روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ وہ جمہوری ڈائیلاگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئیں ہم سب مل کر ملک کو بربادی سے نکالیں اور سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ انہوں نے کہا، “آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں، ہم معاف کرتے ہیں۔”
انہوں نے تجویز دی کہ مولانا فضل الرحمان، نواز شریف، جماعتِ اسلامی سمیت تمام سیاسی قائدین کو ایک میز پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات اور بات چیت کرنا سیاسی قائدین اور ان کے اہلِ خانہ کا بنیادی حق ہے، جس کا احترام ہونا چاہیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے آئین اور قانون کے اندر راستہ نکلے گا، تاہم حالیہ فیصلوں سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے بھی مفاہمت کی بات کرتے ہوئے کہا کہ آئیں سب مل کر بیٹھیں، آپ اپنی اصلاح کریں، ہم اپنی اصلاح کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے تاکہ مل کر آگے بڑھا جا سکے اور ملک کے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔
آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں، ہم جمہوری مکالمے کے لیے تیار ہیں: محمود اچکزئی







