بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی میں بھتے کے لیے فون کالز بیرونِ ملک سے کی جا رہی ہیں

کراچی میں تاجروں سے بھتے وصول کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی پولیس رپورٹ جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھمکی آمیز کالز زیادہ تر بیرونِ ملک کے نمبروں سے کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آباد کے 8 اراکین کو بھتے کے لیے دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ پہلا واقعہ 27 ستمبر کو ملیر میں پیش آیا، جس کا مقدمہ اسی دن ملیر سٹی تھانے میں درج کیا گیا۔
پولیس نے 13 دسمبر کو ناظم آباد میں چھاپے کے دوران تین ملزمان گرفتار کیے، جو ملیر میں بھتے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بھتے کی کالز مختلف آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی کی جا رہی تھیں۔
رپورٹ میں چھوٹے اور بڑے علاقوں میں ہونے والے دیگر واقعات کا بھی ذکر ہے: 30 ستمبر کو بہادرآباد میں کال بیرونِ ملک نمبر سے موصول ہوئی، ملزم گرفتار ہوا۔
2 دسمبر کو سولجر بازار میں کال بیرونِ ملک نمبر سے کی گئی، ایک ملزم مارا گیا اور پانچ گرفتار ہوئے۔
دسمبر میں صدر اور گلشن اقبال کے علاقوں میں بھی کالز بیرونِ ملک اور افریقی ممالک کے نمبروں سے موصول ہوئیں، ملزمان گرفتار ہوئے۔
ناظم آباد اور گارڈن کے علاقوں میں بھی بھتے کی کالز بیرونِ ملک کے نمبروں سے کی گئی، اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ تمام کالز غیرملکی اور جعلی نمبروں سے کی گئی ہیں، اور بھتے کے سرغنہ مختلف ممالک میں مقیم ہیں۔ پولیس کا خصوصی تفتیشی یونٹ اس معاملے پر کام کر رہا ہے اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر بھتے کے واقعات کا مکمل پتہ لگا رہے ہیں اور ضروری کارروائی کر رہے ہیں۔