بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ کے کہنے پر نہیں جائیں گے، اہلِ فلسطین کی خدمت کے لیے جائیں گے: رانا ثناء اللّٰہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر کسی بھی جگہ نہیں جائیں گے، بلکہ اگر موقع ملا تو اہلِ فلسطین کی خدمت کے جذبے کے تحت جائیں گے۔
چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ بانیِ پی ٹی آئی کو کسی دوسری جیل منتقل نہیں کیا جا رہا، اور اگر ایسا سلسلہ جاری رہا تو اس بارے میں سوچا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں تک کوئی مسئلہ نہیں، لیکن اگر یہ فساد اور افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں تو جیل کے قوانین اجازت نہیں دیتے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب دوسروں کو چور اور ڈاکو کہتے رہے، لیکن اب خود چور نکل آئے، اور تحفے میں ملی گھڑیاں دوسرے ملک میں بیچ دی گئی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2018ء میں آر ٹی ایس منصوبہ شروع کیا گیا تھا، اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑا۔ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے ختم ہونے کے بعد عوام کو سبسڈی اور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔