بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا کا داعش کے خلاف بڑی کامیابی کا دعویٰ، اہم کمانڈر فضائی حملے میں ہلاک

امریکا نے شام میں داعش کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی فضائی حملوں میں داعش کا ڈرون آپریشنز سنبھالنے والا ایک اہم کمانڈر اپنے چار ساتھیوں سمیت مارا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ کارروائی شام کے صوبے دیر الزور میں کی گئی، جہاں داعش کے ایک خفیہ اور اہم ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ برطانیہ میں قائم جنگی نگرانی کے ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں داعش کا کلیدی سیل لیڈر ہلاک ہوا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی گزشتہ ہفتے ہونے والے اس حملے کے ردِعمل میں کی گئی، جس میں شام میں تعینات دو امریکی فوجی اور ایک امریکی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ ایک شامی سکیورٹی ذریعے کے مطابق امریکی فضائی حملوں میں شام کے وسیع صحرائی علاقوں میں داعش کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں حمص، دیر الزور اور رقہ کے صوبے شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مکمل طور پر فضائی تھیں اور ان میں کوئی زمینی آپریشن شامل نہیں تھا۔ زیادہ تر اہداف تدمر (پالمیرا) کے شمال میں واقع پہاڑی علاقوں میں تھے، جو دیر الزور کی جانب پھیلے ہوئے ہیں۔ ایک شامی اہلکار کے مطابق بمباری انتہائی شدید تھی اور لگ بھگ پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔
امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں کے دوران داعش کے 70 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کارروائیوں کو 13 دسمبر کے حملے کے جواب میں کی جانے والی ایک “انتہائی سنجیدہ جوابی کارروائی” قرار دیا۔
اگرچہ داعش کو شام اور عراق میں عسکری طور پر شکست دی جا چکی ہے، تاہم تنظیم کے جنگجو اب بھی صحرائی اور دور دراز علاقوں میں چھپ کر گوریلا حملے کرتے ہیں۔ انہی سرگرمیوں کے پیش نظر امریکا اور اس کے اتحادی وقتاً فوقتاً ان علاقوں میں فضائی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔