بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کا پارلیمنٹ کے بعد سٹینڈنگ کمیٹیوں کی کارروائی بھی ٹی وی کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا فیصلہ

اسلام آباد(ممتاز نیوز )وزیراعظم شہبازشریف کا پارلیمنٹ کے بعد سٹینڈنگ کمیٹیوں کی کارروائی بھی ٹی وی کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا فیصلہ ،ضابطے کی کارروائی پوری کرنے کے لئے وزیراعظم نے سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کوباضابطہ خط لکھ دیا،

جمعرات کووزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہاگیاکہ وزیراعظم نوازشریف کے سابق دور میں پی ٹی وی پارلیمنٹ کے آغاز کی صورت میں انقلابی قدم اٹھایاگیا تھا،اس عمل کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے جو سابق حکومت کے چار سال میں روک دیاگیا تھا،پارلیمان کا لازمی اور نہایت کلیدی حصہ مجالس قائمہ کے اجلاسوں کی کارروائی بھی براہ راست نشر کی جائے،

اس ضمن میں مطلوبہ حدود اور مناسب طریقہ کار وضع کرلیاجائے،سابق سپیکر ایاز صادق نے محترمہ مریم اورنگزیب کے ساتھ مل کر نہایت احسن انداز میں پارلیمان کی کارروائی قوم تک پہنچانے کاسلسلہ شروع کیاتھا،عوام ، اہل صحافت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی نے اس اقدام کی بہت پزیرائی کی تھی،خط میں کہاگیاکہ سیاسی کارکن اور آئین کی تخلیق کا کارنامہ انجام دینے والی جماعت کے اہم راہنما کے طور پر آپ آئین اور پارلیمنٹ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں،

محترمہ مریم اورنگزیب صاحبہ کو ہدایت کی ہے کہ آپ کی راہنمائی میں اس مرحلے کو حتی المقدور تیزی سے مکمل کرلیا جائے،مجھے امید ہے کہ ہم سب کی یہ کاوش پارلیمان کی توقیر بڑھائے گی،عوام خاص طور پر نوجوان آئین، اپنے حقوق، جمہوری نظام میں پارلیمنٹ کی اہمیت اور کارکردگی سے آگاہ ہوں گے،وزارت اطلاعات و نشریات سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ اشتراک عمل سے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر ہنگامی طور پر عمل درآمد یقینی بنائے