اسلام آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) نے2018 کے عام انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم ( آر ٹی ایس) کی ناکامی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے مضبوط شرائط کے ساتھ اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی پینل تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان الحق صدیقی کا کہنا ہے کہ ماضی میں اس معاملے کی بامقصد تحقیقات نہیں ہوسکی کیونکہ 2018 میں اس سب کا سب سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی کو ہواتھا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کیا سسٹم کریش ہوا تھا یا ‘کچھ مطلوبہ مقصد حاصل کرنے کے لیے ایک مخصوص وقت کے بعد اس کے استعمال سے جان بوجھ کر گریز کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پینل کو نادرا کے اس وقت کے چیئرمین اور دیگر متعلقہ حکام سے پوچھ گچھ کرنی چاہیے تاکہ آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات اور اثرات کی تحقیقات کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا بھی پتہ لگانا چاہیے کہ پورے عمل کی نگرانی اور نتائج کو کون مرتب کررہا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج سب کے لیے قابل قبول ہونے کو یقینی بنانے کے لیے یہ تحقیقات بہت ضروری ہیں۔
2018 میں آر ٹی ایس کی ناکامی؟ ن لیگ کا اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی پینل کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ








