پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ سیاست کا مقصد عوام کی بہتری ہونا چاہیے، نہ کہ گالم گلوچ اور اداروں کو نشانہ بنانا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپہ سالاروں پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کی وہ اور ان کی جماعت بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
گڑھی خدابخش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ کتنی ہی مشکلات کیوں نہ آئیں، ریاست پر حملہ نہیں کیا جاتا۔ ان کے مطابق جمہوری قوتوں کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ مظلوم اور کمزور طبقات کے ساتھ کھڑی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری شہید بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، جبکہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ آمریت کے خلاف مؤقف اپنایا اور کبھی اس سے سمجھوتہ نہیں کیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جب بھی وفاق پر حملہ ہوا، پیپلز پارٹی نے اس کے دفاع میں واضح کردار ادا کیا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی سیاست ایک قیدی کی رہائی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوششوں کے باعث آئینی ترامیم میں شامل عوام مخالف شقوں کو ختم کیا گیا، جو جمہوریت اور عوامی مفاد کے تحفظ کی ایک اہم مثال ہے۔









