اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں مبینہ کرپشن اور ناقص حکمرانی چھپانے کے لیے جمہوری و سیاسی قوتوں کے پُرامن احتجاج کو دبانے کی کوششیں بند کرے۔
اپنے بیان میں زاہد ملک نے کہا کہ پڑھی لکھی اور بانیانِ پاکستان کی اولادوں کے سامنے تقسیم کی سیاست اور سندھو دیش جیسے نعرے اب نہیں چل سکتے۔ انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کا قیام ایم کیو ایم پاکستان کے منشور کا حصہ ہے اور جاگیردارانہ وڈیرانہ نظام کے خاتمے اور متوسط طبقے کے حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے شرجیل میمن سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دور سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور بیرون ملک منتقل کی گئی دولت کے حوالے سے قوم کو جواب دیں۔ زاہد ملک نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں کرپشن اور اقربا پروری کا بھی حساب دینا ہوگا۔









