پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مئی میں ہونے والی تاریخی شکست کا بھارت آج تک حساب نہیں چکا سکا، اور اب تو مودی ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی چھپ جاتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سال کے دوران سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ فوج اور قوم نے بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ میں فتح پورے پاکستان کی فتح ہے اور یہ کامیابی دنیا بھر میں تسلیم کی گئی۔ بلاول نے واضح کیا کہ یہ فتح گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہیں تھی، کیونکہ انہی قربانیوں کی بدولت پاکستان ایٹمی قوت بنا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی حاصل ہوئی، جس سے ملک کے دفاع کی مضبوط بنیاد رکھی گئی۔ صدر آصف زرداری نے چین سے وہ ہوائی جہاز منگوائے جنہوں نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر کامیابی دلائی۔
بلاول بھٹو نے پاکستان اور چین کے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاک–چین دوستی کی بنیاد قائداعظم نے رکھی، بے نظیر نے اسے آگے بڑھایا اور زرداری نے سی پیک کے ذریعے اسے دوام بخشا۔
انہوں نے زور دیا کہ بھارت ابھی تک اپنی شکست ہضم نہیں کر سکا، فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی مودی چھپ جاتے ہیں اور عالمی فورمز پر پاکستان کے خلاف جانے سے کتراتے ہیں، جو کہ پاکستان کی افواج اور عوام کے لیے بڑی کامیابی ہے۔
مئی کی شکست سے بھارت ابھی تک نہیں نکلا، فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی مودی چھپ جاتا ہے، بلاول بھٹو








