بھارتی شہر سورت میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں 57 سالہ نیتن دسویں منزل سے گرنے کے باوجود موت کے منہ سے بال بال بچ گئے۔
حادثہ کسی معجزے سے کم نہیں تھا، کیونکہ ان کی ٹانگ آٹھویں منزل کے فلیٹ کی کھڑکی پر نصب لوہے کی جالی میں پھنس گئی اور وہ یوں الٹے لٹک کر محفوظ رہے۔
اطلاعات کے مطابق نیتن اپنی رہائش گاہ میں سو رہے تھے اور نیند میں کروٹ بدلتے ہوئے کھڑکی سے باہر جاگرے۔ یہ لمحہ جان لیوا ہو سکتا تھا، لیکن خوش قسمتی سے ان کی ٹانگ نے گرنے سے بچانے کا کام کیا۔
اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں نیتن کو جالی میں پھنسے ہوئے اور الٹے لٹکے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، منظر اتنا خوفناک تھا کہ لوگ سہم گئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور فوری کارروائی شروع کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے رسیوں اور سیفٹی بیلٹس کے ذریعے نیتن کو محفوظ انداز میں باندھا، جبکہ نیچے حفاظتی جال لگائی گئی تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد نیتن کو جالی سے آزاد کروا لیا گیا۔ موقع پر موجود افراد نے ریسکیو ٹیم کی مہارت کو سراہا اور سکھ کا سانس لیا۔
حادثے کے فوراً بعد نیتن کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ معجزانہ طور پر ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہے۔









