راولپنڈی میں 11 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کے بعد پولیس نے خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق کہوٹہ کے علاقے میں یہ سنگین واقعہ سامنے آیا جس پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیا۔ متاثرہ بچی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی اس وقت زیر حراست خاتون کے گھر میں رہ رہی تھی۔ متاثرہ بچی کا میڈیکل معائنہ کرایا جا چکا ہے اور سینئر افسران خود مقدمے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مقدمے کی تحقیقات شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوں گی۔ پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی یا کسی بھی قسم کی ہراسگی ناقابل برداشت ہے۔
راولپنڈی: 11 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی، خاتون سمیت 3 افراد گرفتار








