بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت پاکستان جیسا حوصلہ کہاں سے لائے گا؟ صدر آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف جیسا حوصلہ اور جرات کہاں سے لائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فوجی سربراہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور اگر پاکستان چاہتا تو بھارت کے مزید جہاز بھی گرائے جا سکتے تھے، مگر ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اب اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستان کوئی کمزور ملک نہیں اور اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہنے والا ملک چند دن بھی جنگ کا سامنا نہ کر سکا۔
صدر مملکت نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ شہید بے نظیر بھٹو کا دیا ہوا تھا اور آج کے دن پیپلز پارٹی نے پاکستان کو بچایا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں پیپلز پارٹی اور اس کے جیالے موجود ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ایسا آرمی چیف منتخب کیا جس نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طاقتور ہو سکتا ہے، مگر پاکستان جیسا حوصلہ کہاں سے لائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان ہر طرح سے تیار ہے۔
صدر زرداری نے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں بتایا گیا کہ جنگ شروع ہو گئی ہے اور بنکر میں جانا چاہیے، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم میدان میں رہ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ بھی نہیں کرے گا۔
خطاب کے اختتام پر صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ایک غیر ذمہ دار قیادت کے باعث پاکستان کے دنیا کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچا، تاہم اب ملک ایک بار پھر سنبھل رہا ہے۔