بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی برطانیہ نے فیلڈ مارشل سے متعلق متنازع تقریر سے لاتعلقی کا بیان ڈیلیٹ کر دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ نے احتجاجی جلسے میں فیلڈ مارشل سے متعلق ایک خاتون کی تقریر سے اظہارِ لاتعلقی پر مبنی اپنا بیان سوشل میڈیا سے حذف کر دیا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی برطانیہ نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ احتجاج کے دوران کی جانے والی مذکورہ تقریر سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ خاتون پارٹی کی عہدیدار نہیں ہیں اور ان کے خیالات، زبان اور طرزِ گفتگو پی ٹی آئی کے مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتے۔ تاہم یہ ٹوئٹ اب پی ٹی آئی یوکے کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب حکومتِ پاکستان نے برطانوی حکومت کو باضابطہ خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پھیلانے والی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں برطانوی ہوم آفس کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔
خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت کے خلاف تشدد پر اکسانے والا مواد موجود ہے۔ حکومتِ پاکستان کے مطابق یہ مواد سیاسی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا بلکہ واضح طور پر تشدد پر اُکسانے کے مترادف ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان پلیٹ فارمز سے مسلسل انتشار اور تشدد کی کالز دی جا رہی ہیں، اور برطانوی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کی جائے۔