بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سوڈان میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا، تین دن میں 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث صرف تین دنوں کے دوران 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
یہ صورتحال شمالی دارفور اور جنوبی کردفان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (IOM) کے مطابق شمالی دارفور کے شہروں ام برو اور کرنوی سے 7 ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جہاں حالیہ دنوں میں آر ایس ایف نے قبضہ کر لیا تھا۔
جنوبی کردفان میں بھی حالات سنگین ہیں، جہاں کادوقلی شہر سے 3 ہزار سے زائد لوگ فرار ہو گئے۔ یہ شہر اس وقت فوج کے کنٹرول میں ہے جبکہ آر ایس ایف نے اسے محاصرہ کر رکھا ہے، اور متاثرہ علاقوں میں قحط جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔
مزید براں، جنوبی کردفان کے علاقے ابو جبیہہ میں آگ لگنے سے بے گھر افراد کی کم از کم 45 عارضی پناہ گاہیں جل کر تباہ ہو گئی ہیں، جس سے انسانی بحران مزید شدید ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق آر ایس ایف نے حالیہ دنوں میں شمالی دارفور کے ابو قمرہ اور ام برو پر قبضے کا اعلان کیا ہے، اور فورسز شمال مغربی سرحد کے قریب دیگر علاقوں کی جانب بھی پیش قدمی کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سوڈان کی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان اپریل 2023 سے جاری جنگ کے نتیجے میں اب تک 1.1 کروڑ سے زائد افراد ملک کے اندر اور باہر بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ بحران اس وقت دنیا کے سب سے بدترین انسانی بحرانوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں خوراک، ادویات اور صاف پانی کی شدید قلت ہے۔