اسلام آباد(ممتاز نیوز) صدر عارف علوی کی زیرصدارت ایوانِ صدر میں بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ صدر مملکت نےگرین پریذیڈنسی منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور گیس کی بچت کے اقدامات پر اظہار ِ اطمینان کیا۔انہوں نے کہا کہ ایوانِ صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ دو سالوں میں 10 کروڑ 80لاکھ روپے کی بچت کی ۔ایوانِ صدر کا گرین منصوبہ پورے ملک کیلئے ایک بہترین مثال ہے ۔ایوانِ صدر مکمل طور پر 1 میگا واٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے پر چل رہا ہے۔ایوانِ صدر نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ 1 لاکھ 12 ہزار یونٹس قومی گرڈ میں دیے۔انہوں نے کہا کہ ایوانِ صدر نے دنیا کے پہلے آئی ایس او 50001سند شدہ صدارتی دفتر کے طور پر بین الاقوامی شناخت حاصل کی۔توانائی کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات سے نمٹنے کیلئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر مملکت نے تمام گورنر ہاؤسز، یونیورسٹیز اور محتسب کے دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی اپنے کاروبار اور صنعتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کریں۔شمسی توانائی سے پیداواری لاگت کم ہوگی ، مقامی مصنوعات اور خدمات کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقتی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایوانِ صدر کے عملے کو بجلی کی بچت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی تعلیم دی جائے۔ایوانِ صدر میں غیر استعمال شدہ الیکٹرانکس بند رکھنے ، اے سی 26 ڈگری پر چلانے اور پانی کی بچت کے حوالے سے مزید بہتری لائی جائیگی۔
ایوانِ صدر کا گرین منصوبہ پورے ملک کیلئے بہترین مثال، صدر عارف علوی








