فلوریڈا:(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے اور مستقل قیامِ امن کیلئے حماس کو مکمل طور پر غیرمسلح ہونا پڑے گا۔ فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ منصوبے کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہونے کی امید ہے اور آخری اسرائیلی یرغمالی کی لاش کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
ایران سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ بات چیت کیلئے تیار ہے تاہم اگر تباہ شدہ جوہری تنصیبات کی تعمیر دوبارہ شروع کی گئی تو ایران پر دوبارہ حملہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کی جنگ کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری ہیں، تاہم آج روسی صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر یوکرینی حملے کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔









