ڈھاکا میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے درمیان مختصر مگر اہم ملاقات ہوئی، جس میں جے شنکر نے خود آگے بڑھ کر اسپیکر قومی اسمبلی سے مصافحہ کیا۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی وفات کے بعد ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی ملاقات سامنے آئی۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر سردار ایاز صادق کی نشست تک پہنچے، مصافحہ کیا اور مسکراتے ہوئے خیریت دریافت کی، جس کا اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی خوش دلی سے جواب دیا۔
چند منٹ پر مشتمل اس ملاقات کے دوران خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی صحت و خیریت پوچھی۔
واضح رہے کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے نمائندے آمنے سامنے آئے ہیں، جسے سفارتی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ڈھاکا: اسپیکر قومی اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ کی مختصر ملاقات، جے شنکر نے آگے بڑھ کر مصافحہ کیا








