بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کرسمس تعطیلات میں جرمنی کی تاریخ کی ایک انوکھی بینک ڈکیتی

جرمنی میں کرسمس کی تعطیلات کے دوران ایک ایسی بینک ڈکیتی سامنے آئی ہے جس نے سب کو حیران کر دیا۔ اس واردات میں چوروں نے کسی جدید ہتھکنڈے یا اسلحے کے بجائے بینک کی دیوار میں سوراخ کر کے کروڑوں یورو لوٹ لیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جرمنی کے مغربی شہر گیلسن کرچن میں واقع اسپارکاس بینک کی ایک شاخ میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تعطیلات کے دوران بینک بند ہونے کا فائدہ اٹھایا، دیوار توڑی اور تقریباً ایک کروڑ یورو نقد رقم کے ساتھ قیمتی اشیاء بھی لے اڑے۔
ڈکیتی کا انکشاف اس وقت ہوا جب بینک میں نصب فائر الارم اچانک بج اٹھا۔ اگلے دن جب صارفین کو واقعے کی اطلاع ملی تو بڑی تعداد میں لوگ بینک کے باہر جمع ہو گئے اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کی رات بینک کے قریب ایک پارکنگ گیراج کی سیڑھیوں پر چند افراد کو بڑے بڑے بیگ اٹھائے دیکھا گیا تھا، جس سے پولیس کو شبہ ہے کہ یہی افراد اس واردات میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔