بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیویارک کے پہلے مسلم میئر کا تاریخی لمحہ: زہران ممدانی نے قرآن پر حلف اٹھایا

امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے یکم جنوری 2026 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا کر تاریخ رقم کر دی، اور وہ نیویارک کے پہلے مسلم میئر بن گئے۔
34 سالہ ڈیموکریٹ رہنما نے اپنی چار سالہ مدت کا آغاز آدھی رات کے فوراً بعد سٹی ہال کے نیچے واقع ایک بند سب وے اسٹیشن میں ایک سادہ تقریب کے دوران کیا، جسے عوام کی خدمت اور محنت کش طبقے کے ساتھ ان کے تعلق کی علامت قرار دیا گیا۔
حلف برداری کے دوران زہران ممدانی نے اپنا ہاتھ قرآن پاک پر رکھا اور دو نسخوں پر حلف اٹھایا: ایک ان کے دادا کا ذاتی نسخہ اور دوسرا نیویارک پبلک لائبریری کے شومبرگ سینٹر سے لیا گیا نسخہ۔
اس موقع پر نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے انہیں حلف دلایا، جبکہ ان کی اہلیہ راما دواجی اور والدین، معروف فلم ساز میرا نائر اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر محمود ممدانی بھی موجود تھے۔
حلف برداری کے بعد خطاب میں زہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے شہریوں کی خدمت ان کے لیے ایک اعزاز اور زندگی کا سب سے بڑا اعتمار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ مقام کا انتخاب عوامی ٹرانسپورٹ کی اہمیت اور محنت کش طبقے سے وابستگی کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔
باضابطہ اور عوامی حلف برداری بعد میں سٹی ہال کے باہر منعقد ہوگی، جس میں سینیٹر برنی سینڈرز، کانگریس وومن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز اور ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
اپنی انتخابی مہم کے دوران زہران ممدانی نے مہنگائی، کرایوں میں اضافے اور شہری سہولتوں کو مرکزی موضوع بنایا تھا، اور انہوں نے کرایوں میں پابندی، مفت بس سروس اور بچوں کی نگہداشت کی سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔