وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں سے سفارشات طلب کر لی ہیں اور ہدایت دی ہے کہ سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کے لیے برآمدات کے شعبے کو خاص ترجیح دی جائے۔
نجی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سال کے پہلے دن وزیراعظم کی صدارت میں معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں موجودہ انتظامی اور معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں پیش رفت اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، مشیر رانا ثناء اللہ، معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، نیشنل کوآرڈینیٹرز، ایس آئی ایف سی کے حکام اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزارتیں جلد از جلد بیرونی اور ملکی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات مرتب کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات اور معاشی گورننس کی پالیسی پر موثر عملدرآمد ناگزیر ہے، اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی اقدامات اولین ترجیح ہیں۔
وزیراعظم نے خاص طور پر ہدایت دی کہ برآمدات کے شعبے کی ترویج اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن ہو۔ انہوں نے وزارتوں کے درمیان تعاون اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہم آہنگی کو معاشی ترقی کے لیے کلیدی قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے وزارتیں پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مؤثر سہولت فراہم کریں، ابتدائی معلومات اور رہنمائی کو یقینی بنائیں، اور صنعتی پیداوار، زراعت اور دیگر اہم شعبوں پر یکساں توجہ دیں تاکہ سرمایہ کاری میں مستحکم اضافہ ممکن ہو۔









